Wednesday, May 1, 2024

سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات محدود کرنے کیلئے سرگرم ہو گئی

سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات محدود کرنے کیلئے سرگرم ہو گئی
December 10, 2015
کراچی (92نیوز) رینجرز کو انیس سو پچانوے اور دو ہزار نو کے اختیارات تک محدود کرنے کی تیاریاں‘ رینجرز مقامی پولیس اور مجسٹریٹ کی نگرانی میں ہی آپریشن کر سکے گی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات کو محدود کرنے کے لیے کوشش کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سائیں سرکار کے بعض شاہ دماغ منصوبہ بنارہے ہیں کہ رینجرز کا کردار پولیس کی معاون فورس تک محدود ہو جائے۔ 1995ءاور 2009ءکے اختیارات کے تحت رینجرز صرف مقامی پولیس اور مجسٹریٹ کی نگرانی میں آپریشن کرسکے گی۔ رینجرز حساس تنصیبات کی حفاظت پر مامور یا انتہائی ہنگامی حالت ہوتو انڈس اور نیشنل ہائی وے پر گشت بھی کرسکتی ہے۔ ان پرانے نوٹی فکیشنز کے تحت رینجرز کو ایسے دریائی اور نہری پشتوں پر تعینات کیا جاسکے گا جہاں پولیس فورس کو ضرورت ہو یا ان کی نفری کم ہو گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ سے رینجرز اختیارات کی تفصیلات اور تعیناتی کے نوٹیفکیشن طلب کرلیے گئے تاکہ اختیارات سے متعلق نئے ڈرافٹ کی تیاری کی جاسکے۔ رینجرز کو خصوصی اختیارات اس وقت دیے گئے جب کراچی میں امن وامان کی حالت انتہائی مخدوش تھی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات محدود کرنے کا براہ راست کراچی آپریشن پر اثر پڑے گا۔