Friday, April 26, 2024

سندھ جانے سے کوئی نہیں روک سکتا،ایک جیل چلا گیا ، دوسرا جانیوالا ہے، فواد چودھری

سندھ جانے سے کوئی نہیں روک سکتا،ایک جیل چلا گیا ، دوسرا جانیوالا ہے، فواد چودھری
January 13, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سندھ جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، ایک جیل چلا گیا ہے دوسرا جانے والا ہے ، دونوں خوب وقت گزاریں گے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ  نواز شریف اور آصف زرداری کا سیاسی طور پر خاتمہ ہو چکا ہے ، نواز شریف کا ایسا ٹرائل ہوا کہ ٹرائل کے دوران ہی انہیں لندن جانے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔آج ابھی وہ جن لوگوں سے ملنا چاہتے ہیں انہیں وہاں تک رسائی حاصل ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ نواز شریف کے چھوٹے بھائی  کاغذات میں قید ہیں ، مگر رہتے اپنے گھر میں ہیں، جب دل چاہتا ہے وہ میٹنگ بلا لیتے ہیں ،جب دل چاہتا ہے  وہ اپنے پراسیکیوٹر اور نیب والوں کو پیش کرنے کا کہتے ، اس طرح کا ٹرائل توہم نے زندگی میں کبھی نہیں دیکھا۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بیرون ملک  جانے پر پابندی جے آئی ٹی نے لگائی ہے ہم نے تو عملدرآمد کیا ہے ، سندھ  پاکستان کا  حصہ ہے وہاں جانے سے کون روک سکتا ہے ، سعید غنی صاحب شائد صبح  جلدی اٹھ گئے تھے اس لئے انہوں نے ایسا بیان دے دیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ ایک جیل چلا گیا ، دوسرا جانے والا ہے ، انشااللہ اچھا وقت گزرے گا ان کا ، اس سال 23 تاریخ کو ہم اپنا نیا بجٹ لے کر آئیں گے تو عوام دیکھیں گے کہ ہم مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ، پچھلے تمام بجٹ جعلی تھے ۔