Friday, April 19, 2024

سندھ بھر میں عدالتی بائیکاٹ، انتخابی دھاندلی کیلئے جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے تو سانحہ 12مئی کیلئے کیوں نہیں: احتجاجی ریلی سے وکلاءرہنماﺅں کا خطاب

سندھ بھر میں عدالتی بائیکاٹ، انتخابی دھاندلی کیلئے جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے تو سانحہ 12مئی کیلئے کیوں نہیں: احتجاجی ریلی سے وکلاءرہنماﺅں کا خطاب
May 12, 2015
کراچی (92نیوز) سانحہ 12مئی کو آٹھ سال بیت چکے ہیں مگر ابھی تک متاثرین کو انصاف نہیں مل سکا ہے۔ وکلاءبچھڑ جانےوالے ساتھیوں کی یاد میں ہرسال کی طرح آج بھی یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 12مئی کے شہداءکی یاد میں وکلاءبرادری کی جانب سے آج صوبے بھر میں عدالتی با ئیکاٹ، احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ وکلاءکی جانب سے سٹی کورٹ ،ہائیکورٹ اور اے ٹی سی میں عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا اور مجرموں کو جیل سے پیشی کے لیے نہیں لایا گیا۔ وکلاءنے سانحہ بارہ مئی کےخلاف سٹی کورٹ سے ایم اے جناح روڈ تک ریلی نکالی۔ ریلی میں سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے وکلاءشریک ہوئے۔ بعدازاں ریلی سے وکلاءبرادری کے رہنماﺅں نے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر کراچی بار کے صدر نعیم قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ 12مئی کی بربریت کا نوٹس لےکر تحقیقات کرائے، جب تک ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائےگا جرائم ہوتے رہیں گے، جس نے طاقت کا مظاہرہ کیا وہ عبرت کا نشان بن گیا۔ حیدرامام رضوی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی دھاندلی کے لیے جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے تو بارہ مئی کے لیے کیوں نہیں۔ ناہید افضال ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان کسی سیاستدان یا جرنیل نے حاصل نہیں کیا بلکہ وکلاءکی طاقت سے وجود میں آیا۔