Monday, September 16, 2024

سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات کے چوتھے مرحلے کا دنگل سج گیا

سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات کے چوتھے مرحلے کا دنگل سج گیا
August 5, 2016
کراچی(92نیوز)کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات کا چوتھا دنگل سج گیا۔ کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیوایم میئرشپ کیلئے متحرک ہوگئی وسیم اختر نے کراچی کےمیئر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ تفصیلات کےمطابق ایم کیوایم کے وسیم اختر نے صرف مئیر جبکہ ارشد وہرہ، ندیم ہاشمی اورعارف ایڈووکیٹ نے مئیر و ڈپٹی مئیر کیلئے کاغذات جمع کروائےپیپلزپارٹی نے کرم اللہ وقاصی کو مئیر کا امیدوار نامزد کردیا۔ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپویشن ضلع وسطی میں چئیرمین کے پانچ وائس چئیرمین کے چار فارم جمع کرائے گئے، یہاں ایم کیوایم کے ریحان ہاشمی اور شاکر علی قابل ذکر ہیں، کورنگی میں چئیرمین کےپانچ اور وائس چیئرمین کے تین کاغذات جمع ہوئے ہیں،یہاں سید نئیر رضا اور رکن الدین مضبوط امیدوار ہیں۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں چئیرمین اور وائس چیئرمین کیلئے چھ فارم جمع ہوئے ہیں، ایم کیوایم کے اظہارالدین اور تحریک انصاف کے عزیزاللہ آفریدی اہم امیدوار ہیں ملیرمیں چئیرمین وائس چیئرمین کیلئے دو فارم جمع کرائے گئے ہیں۔امیدواروں کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں چئیرمین کے پانچ اور وائس چئیرمین کے چار فارم جمع کرائے گئے، ادھر ڈسٹرکٹ ساوتھ میں ایم کیوایم نے ہی پانچ امیدواروں کے فارم جمع کروائے جبکہ ضلع کونسل کراچی میں پیپلزپارٹی کے سلمان عبداللہ مراد اور رفیق جٹ نے چئیرمین  وائس چئیئرمین کے فارم جمع کرائے۔ دوسری جانب حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کیلئے متحدہ قومی موومنٹ نے پانچ پانچ فارم جمع کرائے ہیں، طیب حسین اور ظفر راجپوت اہم امیدوار سامنے آئے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی نے ضلع کونسل کیلئے بدرمیمن اور قاسم آباد میونسپل کمیٹی کیلئے کاشف شورو کو امیدوار نامزد کیا ہے۔