Sunday, May 5, 2024

سندھ ایپکس کمیٹی کا کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ

سندھ ایپکس کمیٹی کا کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ
May 12, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی مربوط کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے بڑوں کی بیٹھک میں صوبے میں امن و امان اور نیشنل ایکشن پلان پر غور ہوا۔ وزیر اعلی ہاوس میں قائم علی شاہ نے اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان‘ کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار‘ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر سمیت اعلی سول اور فوجی حکام اور وزراءنے شرکت کی۔ شرکاءکو بتایا گیا کہ کراچی میں امن و امان کی بنا پر جائیدادوں کی قیمت میں تئیس فیصد اضافہ ہوا۔ ٹارگٹ کلنگ‘ اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں 80 فیصد کمی ہوئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں کام کرنے والے چینی ماہرین کی حفاظت کے لیے سکیورٹی نظام کو مربوط کیا جائے گا۔ پولیس کے محکمے میں بیس ہزار اہلکاروں کو بھرتی کیا جائے گا جن کی تربیت پاک فوج کرے گی ۔ اجلاس میں کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کو مزید تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ اجلاس کو ڈی جی رینجرز‘ ہوم سیکرٹری اور آئی جی سندھ نے بریفنگ دی جبکہ خفیہ اداروں کے صوبائی سربراہوں نے اپنی انٹیلی جنس کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی۔