Monday, May 6, 2024

سندھ اور پنجاب میں سوشل سکیورٹی کی ادائیگی کا نیا طریقہ کار لانے کی تیاریاں مکمل

سندھ اور پنجاب میں سوشل سکیورٹی کی ادائیگی کا نیا طریقہ کار لانے کی تیاریاں مکمل
January 9, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سندھ اور پنجاب میں سوشل سکیورٹی کی ادائیگی کا نیا طریقہ کار لانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس کے دوران ملک میں کاروبار کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے سہولتوں پر وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رسک مینجمنٹ سسٹم کو بہتر کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں ۔ پنجاب میں ایس ای سی پی کے ساتھ صوبائی پورٹلز اور ای او بی آئی کو ضم کر دیا گیا ہے جبکہ سندھ میں بھی بہت جلد ایسا پورٹل لانچ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کراچی میں کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا شہر قائد معاشی ہب ہے۔ کاروباری ماحول بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسپورٹس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزیراعظم کو کھیلوں کی بہتری کے لیے تجاویز پر مشتمل رپورٹ پیش کی ۔ رپورٹ میں تمام کھیلوں کی بہتری کے لیے بنیادی ڈھانچہ بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ضلعی سطح پر مشترکہ انفرا سٹرکچر لانے کی تجویز بھی دی گئی۔ حکومت نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے ری فنڈ کے لئے نیا نظام 31 مارچ تک متعارف کروانے کا فیصلہ بھی کر لیا ۔ آئندہ سوشل سکیورٹی کی ادائیگی ای پیمنٹ سسٹم سے ہو گی۔