Thursday, April 25, 2024

سندھ اور خیبرپختونخوا میں لاکھوں خواتین کے نام ووٹر لسٹوں میں شامل ہی نہیں

سندھ اور خیبرپختونخوا میں لاکھوں خواتین کے نام ووٹر لسٹوں میں شامل ہی نہیں
December 22, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) ملکی ترقی میں خواتین کے متحرک کردار کو بڑا دھچکا لگ گیا ، سندھ اور خیبرپختونخوا میں لاکھوں خواتین کے نام ووٹر لسٹوں میں شامل ہی نہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے ووٹرز کا ڈیٹا جاری کردیا۔

حکومتی غفلت یا فرسودہ روایات کہیں ، سندھ اور خیبرپختونخوا میں لاکھوں اہل خواتین کے نام ووٹرز لسٹوں میں شامل ہی نہیں،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرز کا ڈیٹا جاری کردیا جس کے مطابق  سندھ میں 25لاکھ سے زائد خواتین کے نام انتخابی فہرستوں سے غائب ہیں۔

الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان فرق 10فیصد سے تجاوز کرگیا۔ حیران کن طور پر دیہاتوں کی نسبت شہری علاقوں میں خواتین ووٹرز کی تعداد میں زیادہ فرق سامنے آیا، صوبے میں خواتین و مرد و وٹرز میں سب سے زیادہ فرق پی ایس 116کراچی غربی میں ہے۔ پی ایس 99کراچی شرقی میں صنفی فرق 26اعشاریہ 12فیصد ہے۔

خیبرپختونخوا کے بعض حلقوں میں 36فیصد تک خواتین ووٹرز حق رائے دہی سے محروم، جنوبی وزیرستان میں ایک لاکھ 22ہزار مرد اور صرف 56 ہزارخواتین ووٹرز ہیں۔

صوبے میں مرد ووٹروں کی تعداد ایک کروڑ 10لاکھ تک پہنچ گئی، خواتین ووٹرز صرف 84 لاکھ ہیں، مجموعی طورپر خواتین ووٹرز کی تعداد مردوں کے مقابلے میں 13.41 فیصد کم ہے۔