Friday, April 26, 2024

سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 106‘ 117 اور 22 میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 106‘ 117 اور 22 میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری
June 2, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ میں تین صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات کا دنگل سج گیا ہے۔ پی ایس 106‘ پی ایس 117 اور پی ایس 22 میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو گئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 106 سے افتخار عالم اور پی ایس 117 سے ڈاکٹر صغیر مستعفی ہوئے تھے جبکہ پی ایس 22 کی سیٹ سے پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالستار راجپر کو ہٹایا گیا تھا۔ پی ایس 106 اور پی ایس 117 کراچی جبکہ پی ایس 22 نوشہرو فیروز کی نشست کی ہے۔ کراچی کی دونوں نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے 157 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 49 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخاب کے موقع پر امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ رینجرز افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔ پی ایس 106 پر 14 جبکہ پی ایس 117 کی نشست پر 10 امیدوار مدمقابل ہیں۔ پی ایس 106 میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 1لاکھ 75 ہزار 395ہے۔ جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 99194 اور 77201 خواتین ووٹرز ہیں۔ حلقے میں27پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 73کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ حلقہ پی ایس 106 میں عزیز آباد، بھنگوریہ گوٹھ، محمد ی کالونی، الاعظم اسکوائر، غریب آباد، اسحاق آباد‘ بندھانی کالونی، ایف سی ایریا‘ لیاقت آباد نمبر 3,4,7,8,9,10، سکندر آباد اور شریف آبا د کے علاقے شامل ہیں۔ یہاں پر ایم کیو ایم کے محفوظ یار خان، تحریک انصاف کی نصرت انوار اور پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالصمد گبول مدمقابل ہیں۔ پی ایس 117 10 امیدوار آمنے سامنے ہیں جن میں ایم کیو ایم کے میجر (ر) قمر عباس رضوی، تحریک انصاف کے رفاقت عمر‘ پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید مقبول بٹ نمایاں ہیں۔ پی ایس 117 میں ووٹرز کی تعداد 1لاکھ 64ہزار 900ہے جن میں مرد ووٹرز 88024 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 75722 ہے۔ حلقہ میں 6 84 پولنگ اسٹیشنز اور 636پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ 22پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 62 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ حلقہ پی ایس 117 سولجر بازار، پی آئی بی کالونی، مارٹن کوارٹرز، پٹلگ پاڑہ، عثمان کالونی، حیدرآبا د کالونی،پاکستان کوارٹرز او رجماعت خانہ کے علاقے شامل ہیں۔