Friday, April 26, 2024

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن میں تلخ کلامی، ارکان نے ایک دوسرے کو نااہل قرار دیا

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن میں تلخ کلامی، ارکان نے ایک دوسرے کو نااہل قرار دیا
September 17, 2019
کراچی (92 نیوز) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں حکومت، حزب اختلاف میں نوک جھونک اور احتجاج معمول بن گیا۔ کھلاڑیوں اور جیالوں نے ایک دوسرے کو نااہل اور نالائق قرار دیدیا۔ قائد حزب اختلاف کو بولنے کا موقع نہ ملا تو اپوزیشن ارکان کو احتجاج کا موقع مل گیا۔ ہنگامہ آرائی، حکومتی ارکان سے نوک جھونک ہو گئی۔ اپوزیشن لیڈر کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو وزیر توانائی کو ہدف بنا لیا۔ فردوس شمیم بولے امتیاز شیخ نے غیر واضح اور نہ مکمل جواب دیا۔ تیاری کرکے آیا کریں، جواب میں جیالے اراکین نے احتجاج کیا۔ میرپور خاص ایمبولینس کیس پر سوال ہوا تو وزیر صحت ڈاکٹرعذرا پیچوہو نے کہا کہ تحقیقات چل رہی ہے، لاش منتقلی کیلئے ایمبولینس نہیں دی جا سکتی۔ اراکین اسمبلی ڈاکٹر نمرتا کیس پر قیاس آرائیاں نہ کریں۔ ادھر نصرت سحر نے ٹافی کا معاملہ اچھال دیا۔ کہتی ہیں ایوان میں کھانا منع ہے۔ وزیر توانائی امتیاز شیخ نے ابھی ٹافی کھائی ہے، یقین نہیں تو منہ کھلوا لیں۔ ردعمل میں امتیاز شیخ کا کرار جواب آیا اور بولے ان کے پاس کوئی کام نہیں، لوگوں کو دیکھتی رہتی ہیں۔ طنزو مزاح کے بعد اپوزیشن ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں جس پر حکومتی ارکان کا پارا بھی ہائی ہو گیا۔ ایک دوسرے کو نااہل اور نالائق قرار دیدیا۔ ایوان میں مسلسل ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا۔