Friday, May 17, 2024

سندھ اسمبلی کا اجلاس ، زیر حراست ملزم نے اسمبلی اجلاس کی صدارت کی

سندھ اسمبلی کا اجلاس ، زیر حراست ملزم نے اسمبلی اجلاس کی صدارت کی
February 22, 2019
کراچی (92 نیوز) ملکی تاریخ میں پہلی بار سندھ اسمبلی اجلاس کی زیر حراست اسپیکر نے صدارت کی۔ نیب ٹیم زیر حراست ملزم آغا سراج درانی کو اجلاس کیلئے اسمبلی لائی۔ اسپیکر سے مرادعلی شاہ کی ملاقات ہوئی جس میں مرادعلی شاہ نے گرفتاری اور صحت سے متعلق دریافت کیا ۔ آغا سراج درانی کو احتساب عدالت نے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا۔ نیب کے ہاتھوں  گرفتار اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ایوان میں انٹری پر حکومتی اراکین نے کھڑے ہو کر استقبال کیا ۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک گرفتار اسپیکر نے اجلاس کی صدارت کی۔ ایوان سے خطاب میں اسپیکر نے وزیر اعلی سندھ کو معاملے کی انکوائری کرانےکی ہدایت کی۔ یہ بھی کہا کہ ان کے خاندان کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا اور گن پوائنٹ پر خواتین سے دستخط کرائے گئے۔ آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری اور گھر پر چھاپے کے خلاف پی پی پی کے رکن اسمبلی نے مذمتی قرار داد پیش کی جس پر اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ کیا اور ایوان سے واک آوٹ کر گئے۔ ایوان میں اپوزیشن اراکین کی واپسی ہوئی تو وزیر اعلیٰ سندھ نے شکریہ ادا کیا۔ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے شکوہ کیا کہ آج ایوان میں اچھی مثال قائم نہیں ہوئی ۔ اجلاس میں آغا سراج درانی کی گرفتاری اور گھر پر چھاپے کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی جبکہ پی ٹی آئی جی ڈی اے اور ایم کیوایم ارکان نے قرار داد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔