Friday, May 3, 2024

سندھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ایس او پیز پر اتفاق

سندھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ایس او پیز پر اتفاق
May 16, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے  ایس او پیز پر اتفاق ہو گیا ، پیپلزپارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے حفاظتی اقدامات کی حمایت کردی ، کورونا سے محفوظ ارکان اجلاس میں شریک ہونگے ۔

حکومت و اپوزیشن کے 85 ارکان سندھ اسمبلی سیشن میں حصہ لیں گے ، 49پیپلزپارٹی اور 36اپوزیشن جماعتوں سے ہونگے۔سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل 19 مئی کو بلائے جانے کا امکان  ہے ۔

پیپلزپارٹی نے اپنے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ بیماریوں کے شکار اور 60سال عمر کے ارکان اجلاس میں نہ آئیں ، سندھ اسمبلی کے 35سے زائد معمر ارکان میں قائم علی شاہ ، نوراحمد بھرگڑی صوبائی وزیر ہری رام بھی شامل ہیں ۔

وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل کورونا کی صورتحال پر ایوان کو آگاہی دینے کے سبب اجلاس میں شریک ہونگی۔ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سمیت متعدد اپوزیشن ارکان بھی 60سال سے زائد عمر کے ہیں۔