Thursday, April 25, 2024

سندھ اسمبلی کا اجلاس ، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے ارکان کے درمیان جھگڑا

سندھ اسمبلی کا اجلاس ، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے ارکان کے درمیان جھگڑا
June 23, 2020
کراچی (92 نیوز) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے ارکان کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔ دونوں جماعتوں کے ارکان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ سندھ اسمبلی اجلاس بجٹ پر بحث کا تیسرا روز بھی شور شرابے کی نظر ہو گیا۔ حکومتی اور اپوزیشن ارکان نعرے لگاتے رہے اور ایک دوسرے پر جملے کستے رہے۔ اسمبلی اجلاس کا آغاز جی ڈی اے کی نصرت سحر عباسی اور پیپلز پارٹی کی شمیم ممتاز کے درمیان جھڑپ سے ہوا۔ خدا خدا کرکے بجٹ پر بحث کا سلسلہ آگے بڑھا اور پیپلز پارٹی کی رکن غزالہ سیال نے تقریر شروع کی تو ایک بار پھر نصرت  سحر عباسی کی پیپلز پارٹی کی خواتین ارکان سے مڈبھیڑ شروع ہو گئی۔ بجٹ بحث کے دوران ایوان میں خواتین کی آوازوں کی گونج ختم ہوئی تو ایم کیو ایم  کے جاوید حنیف اور پیپلز پارٹی کے سعید غنی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد معاملہ جھگڑے تک پہنچ گیا تاہم دیگر اراکین نے معاملہ رفع دفع کروایا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے ارکان اسمبلی کے مستقل شور شرابے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور بار بار تنبیہہ کے بعد اجلاس بدھ دوپہر بارہ بجے تک کے لیئے ملتوی کر دیا۔