Monday, September 16, 2024

سندھ اسمبلی : نئے قائد ایوان کیلئے کل ووٹنگ‘ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی مدمقابل

سندھ اسمبلی : نئے قائد ایوان کیلئے کل ووٹنگ‘ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی مدمقابل
July 28, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ کے نئے وزیراعلیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی۔ پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ اور پاکستان تحریک انصاف کے خرم شیر زمان کے درمیان جمعہ کو قائد ایوان کے لیے مقابلہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں نئے وزیراعلیٰ کا تاج کس کے سر پر سجے گا فیصلہ جمعہ کو ہوگا۔ نئے وزیراعلیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی سندھ اسمبلی میں صبح نو بجے سے شام چار بجے تک جمع کروائے گئے جس کے بعد ان کی جانچ پڑتال کا عمل پانچ بجے سے چھ بجے تک جاری رہا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ کے لیے دو فارمز جمع کروائے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ پروپوزر اور سینئر وزیر نثار کھوڑو مراد علی شاہ کے سیکنڈر ہیں۔ مراد علی شاہ کی کورننگ کے لیے جام مہتاب ڈھر اور سکندر میندرو نے بھی کاغذات جمع کروائے۔ پیپلز پارٹی کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے خرم شیر زمان میدان میں ہیں۔ نئے قائد ایوان کے لیے مجموعی طور پر 5 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ۔ جمعہ کو طلب کئے گئے سندھ اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں نئے قائد ایوان کے لیے چناو ہوگا۔ چناو کے بعد نئے قائد ایوان کو اعتماد کا ووٹ بھی اسی دن لینا ہو گا جس کے بعد نئے وزیراعلیٰ گورنر ہاوس میں عہدے کا حلف لیں گے۔ ایم کیوایم نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخابی عمل سے لاتعلقی کااظہار کیا ہے۔