Thursday, March 28, 2024

سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی نے آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ منظور کرا لیا

سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی نے آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ منظور کرا لیا
June 25, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ اسمبلی میں نئی تاریخ رقم ہو گئی۔ پیپلزپارٹی نے آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ منظور کرا لیا۔

صرف آئندہ مالی سال کا بجٹ ہی نہیں بلکہ رواں مالی سال کا ضمنی بجٹ بھی منظور کروا لیا۔ اپوزیشن نعرے لگاتی رہی۔

اپوزیشن جماعتوں نے آج کے دن کو اسمبلی کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا۔ قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں جمہوری اقدار کا قتل ہو گیا۔ معاشی دہشت گردوں نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا، کہا کہ سندھ کا بجٹ مسترد کرتے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے کنور نوید جمیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بجٹ منظوری کے لئے جمہوری روایات کو پامال کیا۔ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔

سندھ کے وزرا نے کہا کہ اپوزیشن کے کہنے پر بحث کے لئے دن بڑھائے گئے لیکن اپوزیشن نے کوئی کٹ موشن جمع نہیں کروائی۔ جب بات کرتے تھے تو ایم کیوایم شور مچاتی تھی۔ ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا بجٹ متفقہ طور پر پاس ہوا ہے۔

متحدہ والوں نے تحریک انصاف سے اور تحریک انصاف والوں نے متحدہ سے شکوے کئے۔