Wednesday, May 8, 2024

سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں میں ہنگامہ ، ہاتھا پائی

سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں میں ہنگامہ ، ہاتھا پائی
March 2, 2021

کراچی ( 92 نیوز)سینیٹ الیکشن سے قبل سندھ اسمبلی میں بڑا دنگل لگا،پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان میں ہاتھاپائی ہوئی ،نازیبا الفاظ بھی استعمال کئے گئے ۔

سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ناراض ارکان کے آنے پر ہنگامہ شروع ہوا ، پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے اپنے ناراض ساتھیوں کو گھیراؤ کیا  جس پر پیپلزپارٹی کے ارکان  میدان میں کود پڑے اور بات نازیبا الفاظ  سے ہوتی ہوئی ہاتھا پائی  تک پہنچ گئی ۔

حکومتی اور اپوزیشن ارکان  ناراض ارکان کو اپنی اپنی طرف کھینچتے رہے ، اسی کھینچا تانی میں کریم بخش گبول کا گریبان بھی پھٹ گیا ، کریم بخش گبول نے کہا کہ پیپلزپارٹی والے ان کو اغواء کر رہے ہیں ۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے  پیپلزپارٹی کے ارکان پر تشدد کا الزام عائد کیا ، کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے ، برہان چانڈیو اور تیمور تالپور نے دہشتگردی کی ، اسلم ابڑو اور شہریار شر کو اغواء کر رکھا ہے  جبکہ کریم گبول کو بھی اٹھانے کی کوشش کی  ، ہم ایف آئی آر درج کرائیں گے ۔