Friday, April 19, 2024

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کیخلاف قرارداد منظور‘ دیگر ارکان کی ہنگامہ آرائی

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کیخلاف قرارداد منظور‘ دیگر ارکان کی ہنگامہ آرائی
December 22, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ اسمبلی میں پھر ہنگامہ‘ تاخیر سے آنےوالے ارکان مختصر تقاریر کے بعد سائیں جی کی ٹیم پر خوب گرجے برسے۔ اپوزیشن ارکان نے اسپیکر کے خلاف قرارداد مذمت لانے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے ہر اجلاس میں شور شرابا‘ ہنگامہ اور ایک دوسرے کو کھری کھری سنانا معمول بن چکا ہے۔ آج بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ خدا خدا کر کے ارکان نے اسمبلی میں آنے کی زحمت گوارا کی۔ کچھ تقاریر کے بعد اپوزیشن نے اسپیکر کے خلاف قرارداد مذمت لانے کا مطالبہ کیا۔ بات زیادہ بڑھی تو اسپیکر نے وقفہ سوالات کرنے کی رولنگ دے دی۔ شہلا رضا نے وہی کیا جو کرنا تھا یعنی بھرپور مزاحمت۔ پھر ہوئی نوک جھوک‘ شور شرابا۔ اپوزیشن نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں۔ اس دوران اسپیکر کے خلاف غلط زبان استعمال کرنے کے خلاف نثار کھوڑو کی قرارداد برق رفتاری سے منظور ہو گئی۔ اپوزیشن ارکان ارباب غلام رحیم، لیاقت جتوئی، خرم شیر زمان، نند کمار اور نصرت سحر عباسی کے خلاف مذمتی قرارداد منظورہونے پر دیگر اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا اس دوران اپوزیشن اراکین کو خاموش رہنے کی درخواست کرتی رہیں جبکہ جوابی نعرے تھے شیم شیم۔ ناموافق حالات پر اپوزیشن نے واک آو¿ٹ کیا۔ یوں شور شرابا تو کچھ کم ہوا جس پر سائیں جی کی ٹیم نے سکھ کا سانس لیا۔ بعدازاں اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔