Saturday, April 20, 2024

سندھ اسمبلی میں اسٹریٹ کرائم پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر ہنگامہ آرائی

سندھ اسمبلی میں اسٹریٹ کرائم پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر ہنگامہ آرائی
November 14, 2018
کراچی ( 92 نیوز) سندھ اسمبلی اجلاس آج بھی شور شرابے کی زد میں رہا، اسٹریٹ کرائم پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کی ۔ دو بچوں کی اموات پر نصرت سحر عباسی نے  توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔  وزیرخوراک نے شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرادی، ادھر وزیراعلیٰ بھی متحرک نظر آئے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیوایم کے کنور نوید جمیل کو کراچی میں اسٹریٹ کرائم سےمتعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرنے کی اجازت نہ ملی تو ہنگامہ ہوگیا۔ اپوزیشن اراکین بنچز پر کھڑے ہوگئے اور کچھ دیرکےلیے واک آؤٹ کردیا۔ متحدہ کے محمد حسین نے امن وامان سے متعلق تحریک التوا پیش کی اورکہاکراچی میں 90 فیصد پولیس اہلکار باہرکے ہیں، مقامی لوگ بھرتی کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جواب دیا کہ پولیس میں مداخلت اب اسمبلی بھی نہیں کرسکتی۔ مراد علی شاہ کا مزیدکہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم میں کمی ہوئی مگر مطمئن نہیں ،سندھ میں دہشتگردی کے جتنے واقعات ہوئے، ان میں ملوث ملزمان تک پہنچے،کیا کسی دوسرے صوبے میں ایسی کوئی مثال ہے؟۔ اجلاس کےدوران وزیرخوراک نے اہم انکشاف کیا  کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کےپاس ڈائریکٹرز تو ہیں لیکن عملہ نہیں،بچوں کی موت پر تحقیقات جاری ہیں۔ معاملے پر فنکشنل لیگ کی رکن نصرت سحر عباسی نے توجہ دلاو نوٹس پیش کیا اور کہا کہ ہم زائد المیعاد گوشت کھا رہے ہیں لیکن فارنزک لیبارٹری تک نہیں۔