Monday, September 16, 2024

سندھ اسمبلی: مزدوروں کی اجرت سے متعلق بل کثرت رائے سے منظور

سندھ اسمبلی: مزدوروں کی اجرت سے متعلق بل کثرت رائے سے منظور
January 30, 2017

کراچی (92نیوز) سندھ اسمبلی نے مزدوروں کے اجرت سے متعلق بل کو کثرت رائے سے پاس کر لیا، ایم کیوایم ارکان نے شور شرابا اور ہنگامہ کرتے ہوئے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں، ایوان ’’ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات اور توجہ دلاو نوٹسزکے بعد نثار احمد کھوڑو نے اجرتوں کی ادائیگی کا بل ایوان میں پیش کیا جس کو سلجھاتے سلجھاتے ایوان ہنگامے کی نذر ہو گیا۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ خود کو سندھ کا بڑا بیٹا کہنے والے ابھی تک صوبائی خود مختاری کے اصل روح کو ہی نہیں سمجھ پائے۔

نثار کھوڑو کی تنقید پر متحدہ کے اراکین آگ بگولا ہو گئے اور شدید نعرے بازی شروع کر دی۔ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے بھی نثار کھوڑو کو کرارا جواب دے ڈالا۔

حزب اختلاف اور حزب اقتدار کی جانب سے ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنانے کے دوران قائم مقام اسپیکر نے بل کو شق وار پیش کرنے کی رولنگ دے دی جس پر سینئر وزیر نے شدید شور شرابے کے دوران بل کے تمام نکات کو ایوان میں پیش کر کے پاس کرا دیا جبکہ اپوایشن اراکین پوری کارروائی کے دوران بل کی کاپیاں پھاڑتے، نعرے لگاتے اور شور شرابا کرتے رہے۔