Saturday, May 4, 2024

سندھ اسمبلی : رینجرز اختیارات میں توسیع نہ ہو سکی‘ اپوزیشن کا شدید احتجاج

سندھ اسمبلی : رینجرز اختیارات میں توسیع نہ ہو سکی‘ اپوزیشن کا شدید احتجاج
December 14, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں آج پھر رینجرز کے اختیارات پر قرارداد نہ آئی جس پر اپوزیشن ارکان نے سپیکر کے ڈائس کے سامنے آکر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ایوان میں خوب نعرے بازی ہوئی۔ سراج درانی اپوزیشن کو رام کرنے میں ناکام دکھائی دیے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں آج بھی رینجرز کے اختیارات پر قرارداد نہ آئی جس پر وہی ہوا جس کا امکان تھا اپوزیشن ارکان خوب گرجے برسے۔ سراج درانی پہلے تو آئین و قانون کی پاسداری کا سبق پڑھاتے رہے۔ سینئر ارکان کو آگے آنے کے واسطے دیے۔ احتجاج کرنے والوں کا کیا مقابلہ پھر مشورہ دیا کہ رولز کی پاسداری کرنی چاہیے۔ جب کچھ بھی بات نہ بنی تو کہا قائل کر لیں‘ قرارداد بھی آجائے گی۔ سندھ اسمبلی میں کھل کر احتجاج ہوا‘ نعرے بھی لگے۔ ایوان میں دہشت گردوں کے سرپرستوں کی بازگشت بھی سنائی دی۔ اپوزیشن نے الزام لگایا کہ حکومت دہشت گردوں کو فری ہینڈ دے رہی ہے۔ سندھ میں رینجرز کا قیام بڑھانا انتہائی ضروری ہے مگر پیپلزپارٹی کی حکومت جان بوجھ کر معاملے کو التوا میں ڈال رہی ہے جو کہ افسوسناک ہے۔ اپوزیشن کے طوفانی جملوں کا مقابلہ کرنے نثار کھوڑو میدان میں اترے تو ان کی بھی ایک نہ چلی۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کازور نہ ٹوٹا تو اسپیکرنے اپنا آئینی حق استعمال کر دیا اور اجلاس کل صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا۔