Wednesday, April 24, 2024

سندھ اسمبلی : بانی ایم کیو ایم پر غداری کا مقدمہ چلانے کی قراردادیں متفقہ منظور

سندھ اسمبلی : بانی ایم کیو ایم پر غداری کا مقدمہ چلانے کی قراردادیں متفقہ منظور
September 21, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ اسمبلی میں بانی ایم کیو ایم کےخلاف پیپلز پارٹی، ایم کیوایم، تحریک انصاف، فنکشنل لیگ اور ن لیگ کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر سراج درانی کی زیرصدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا تو پیپلزپارٹی کی خیر النسا‘ ایم کیوایم کے سرداراحمد، تحریک انصاف کے خرم شیر زمان، ن لیگ کے سورٹھ تھیبو اور فنکشنل لیگ کی نصرت عباسی نے ایم کیوایم بانی کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی قراردادیں پیش کیں۔ قراردادوں میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم بانی نے ملک مخالف شرانگیز تقریر کی‘ نعرے لگوائے اور میڈیا ہاو¿سز پر حملہ کروایا۔ ملک دشمن ایم کیو ایم بانی کے خلاف آرٹیکل سکس کے تحت کارروائی کی جائے۔ اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف نعرے بازی‘ دہشت گردی اور پرتشدد واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ ملک کی مخالفت کرنے والے ہر شخص کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔