Tuesday, April 16, 2024

سندھ اسمبلی اجلاس رینجرز کے اختیارات میں توسیع کیے بغیر ملتوی

سندھ اسمبلی اجلاس رینجرز کے اختیارات میں توسیع کیے بغیر ملتوی
December 10, 2015
کراچی (92نیوز) رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کے حوالے سے قرارداد سندھ اسمبلی میں پیش نہ ہو سکی۔ اجلاس کل تک ملتوی کر دیا گیا۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ رینجرز کے ساتھ کوئی تنازع نہیں‘ اللہ خیر کرے گا‘ مولا بخش چانڈیو نے کہا معاملہ ایک دو روز میں حل ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے تعزیتی ریفرنس اجلاس سے قبل رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کا معاملہ خوب گرم رہا۔ سائیں جی اسمبلی میں آئے۔ گڈ مارننگ کہا‘ دعاہوئی اور اجلاس ہوا ختم۔ آغا سراج درانی نے کپتان کے کھلاڑیوں کو بچہ قرار دے دیا۔ تحریک انصاف کے خرم شیر بھلا کیسے جوابی باونسر نہ مارتے کہا سپیکر صاحب پی ٹی آئی والوں کو بچہ کہتے ہیں تو خود تجربہ کار ہونے کے ناطے بتا دیں کہ کراچی کا کیا حال ہے اور حالات کب ٹھیک ہوں گے۔ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ رینجرز کے اختیارات پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ایک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کو کراچی آپریشن پر اعتراض نہیں ، کچھ معاملات پر تحفظات ہیں۔ سائیں کی ہوئی انٹری تو گڈ مارننگ کہا۔ سب بہتر ہونے کی نوید سنائی اور پھر ہوا اجلاس شروع۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس چار ماہ بعد ہوا۔ اس سے قبل پیپلزپارٹی ، ایم کیوایم سمیت تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس بھی ہوا۔ ذوالفقار مرز اکے صاحبزادے اور رکن سندھ اسمبلی حسنین مرزا نے پیپلزپارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔