Sunday, September 8, 2024

سندھ اسمبلی اجلاس ، حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں مخالفانہ نعرے بازی

سندھ اسمبلی اجلاس ، حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں مخالفانہ نعرے بازی
April 17, 2019

 کراچی (92 نیوز) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایک بار پھر ہنگامہ آرائی ہوئی۔ حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں مخالفانہ نعرے بازی بھی دیکھنے میں آئی۔

 سندھ اسمبلی کا ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع  ہونے والا اجلاس آغاز سے ہنگامہ خیز رہا۔ جی ڈی اے کی رکن نصرت سحر عباسی  نے درگاہوں کی تعمیر ومرمت میں ناقص میٹیریل کے استعمال اور اوقاف کی ناقص کارکردگی پر سوال اٹھائے۔

 صوبائی وزیر فراز ڈیرو اپوزیشن کے سوالات میں پھنسے تو ساتھی اراکین نے پرچیوں کے ذریعے مدد کی کوشش کی جس پر اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے تنقید اور نصرت سحر عباسی نے طنز کے تیر چلائے۔

 ایوان میں پی ٹی آئی کے رکن خرم  شیر زمان اور اسپیکر  سندھ  اسمبلی  کے درمیان ایک بار پھر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اسپیکر کی جانب سے سخت جملوں کے استعمال پر اپوزیشن ارکان ایوان  سے واک  آؤٹ کر گئے۔