Saturday, April 20, 2024

سندھ اسمبلی اجلاس، این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ جلد حل کرنے کا مطالبہ

سندھ اسمبلی اجلاس، این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ جلد حل کرنے کا مطالبہ
January 18, 2017

کراچی (92نیوز) سندھ اسمبلی اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ قائمہ کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہےکہ زیرالتوا بل جلد نمٹا کر اسمبلی میں بھیجے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی زیرصدارت شروع ہوا جس میں چار چیئرمینوں کے پینل کا اعلان کیا گیا۔

وقفہ سوالات میں محکمہ اینٹی کرپشن پر سوالات کے جوابات دیے گئے جبکہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں کی گئی۔ نصرت سحر عباسی کے سوالات پر اینٹی کرپشن کے سابق صوبائی وزیر منظور وسان نے الزام لگا کہ مسلم لیگ فنکشنل والوں نے چھتیس ہزار ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے جس پر ایوان میں شورشرابہ شروع ہوگیا۔

نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ کرپشن کی باتیں چھپانے کے لیے حربے اختیار کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر آپ غیرجانبدار نہیں ہیں، ڈپٹی اسپیکر نے مجھ پر طنز کیا ہے۔ نصرت سحر عباسی کا مائیک بند کردیا گیا۔

تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان نے شرجیل میمن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کے سابق وزیرپر 5ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے جس پر شہلا رضا کہا کہنا تھا کہ آپ کا سوال خلاف ضابطہ ہے۔ اجلاس میں تین سرکاری بل قائمہ کمیٹی کے حوالے کر دیے گئے۔ اجلاس کل صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔