Tuesday, April 16, 2024

سنتھیا رچی کی اندراج مقدمہ کیخلاف درخواست مسترد کر دی گئی

سنتھیا رچی کی اندراج مقدمہ کیخلاف درخواست مسترد کر دی گئی
June 22, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز ) امریکی شہری سنتھیا رچی کی اندراج مقدمہ کیخلاف درخواست مسترد کر دی گئی ، اسلام آباد ہائیکورٹ  نے فیصلہ سنادیا ۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 199 کے  تحت عدالت عالیہ انکوائری یا انویسٹی گیشن سے متعلق معاملات میں مداخلت نہیں کرتی ، ایف آئی اے کو انکوائری کا مکمل اختیار ہے ، ایف آئی سے توقع ہے کہ وہ کسی آبزرویشن سے متاثر ہوئے بغیر کاروائی کرے گی ۔

چیف جسٹس اسلام آباد  ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی ، سنتھیا ڈی رچی کے وکیل عمران فیروز ملک عدالت میں پیش ہوئے، مقدمہ اندراج سے متعلق سیشن جج کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ اس فیصلے سے کیسے متاثر ہیں؟ ، یہ براہ راست مقدمہ درج کرنےکا حکم نہیں ، ایف آئی اے کو پہلے انکوائری کرنے کا حکم دیا گیا ہے، عدالت اس طرح کسی ادارے کی انکوائری میں مداخلت نہیں کرتی۔

ایڈووکیٹ عمران فیروز ملک نے عدالت کو بتایا کہ اس فیصلے کے کچھ دیگر پہلو بھی ہیں ، ہمیں انکوائری پر نہیں، صرف مقدمہ اندراج پر اعتراض ہے۔

 چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت اس کیس کے میرٹس میں نہیں جائے گی ، لیکن ایف آئی آر کا حکم نہیں دیا گیا،جس کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو میں امریکی صحافی نے کہا کہ انکے ساتھ جو کچھ ہوا تھا 2011 میں ہی امریکی سفارتخانے کو آگاہ کردیا گیا تھا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پر الزامات اور بے نظیر بھٹو کے خلاف متنازعہ ٹوئٹ پر امریکی صحافی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔