Thursday, April 18, 2024

سمیعہ چودھری قتل کیس: پولیس نے فرانزک لیب سے جلد رپورٹ مانگ لی

سمیعہ چودھری قتل کیس: پولیس نے فرانزک لیب سے جلد رپورٹ مانگ لی
November 29, 2016

لاہور (92نیوز) چمبہ ہاؤس لاہور میں پراسرار طور پر ہلاک ہونے والی سمیعہ چودھری قتل کیس کے حوالے سے پولیس نے فرانزک لیب سے جلد رپورٹ مانگ لی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ خاتون کی موت نشہ آور شے کی زیادتی سےہوئی۔

تفصیلات کے مطابق 26 نومبر کی رات چمبہ ہائوس کے کمرہ نمبر 26 سے مسلم لیگ کی کارکن خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ سمیعہ چوہدری کے شوہر نے نامعلوم افراد کےخلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا۔ خفیہ اداروں نے بھی معاملے کی تفتیش کی لیکن خاتون کی ہلاکت کی ٹھوس وجوہات سامنے نہ آسکیں۔

پولیس نے موت کی وجوہات جاننے کے لئے اب فرانزک لیب سے جلد رپورٹ مانگ لی ہے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ سمیعہ چوہدری کی موت بظاہر نشہ آور شے کی زیادتی کے باعث ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے ہلاکت کی حتمی وجوہات فرانزک لیب کی رپورٹ کے بعد ہی سامنے آ سکیں گی۔

مسلم لیگ ن کی ورکر سمیعہ چوہدری کو آخری کال کرنے والے شخص کا بیان قلم بند کر لیا گیا ہے۔ چمبہ ہائوس کے ملازمین کے بیانات سے کوئی اہم پیش رفت نہیں ہو سکی۔ اسی لیے موت کا تعین کرنے کے لئے فرانزک لیب سے جلد رپورٹ مانگی گئی ہے۔