Sunday, May 19, 2024

سموگ کے باعث شہری سانس کی تکالیف میں مبتلا ہونے لگے

سموگ کے باعث شہری سانس کی تکالیف میں مبتلا ہونے لگے
November 9, 2018
لاہور (92 نیوز) شہر لاہور میں سموگ کا راج برقرار ہے۔ شہر کے مختلف اسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ ایک ہزار سے زائد شہری سانس اور آنکھوں کی تکلیف کی شکایت لئے اسپتال پہنچ رہے ہیں۔ لاہور کی فضاؤں پر ایک بار پھر آلودگی چھانے لگی ہے۔ مضر صحت کیمیکلز اور گردوغبار شہریوں کوسانس کی تکالیف میں مبتلا کر رہے ہیں۔ شہر کے چھے بڑے اسپتالوں کے ڈیٹا کے مطابق ہر اسپتال میں روزانہ 150 سے 200 کے قریب  سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا افراد کا اضافہ ہوا ہے یعنی روانہ ایک ہزار سے زائد سموگ کا شکار افراد اسپتالوں میں آرہے ہیں۔ طبی ماہرین سموگ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر کے استعمال سمیت بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ہوا میں آلودگی کی شدت کے حوالے سے بات کی جائے تو آلودگی کا تناسب پرٹیکولیٹ میٹر 10 کی سطح  373 تک پہنچ گئی ہے جو کہ 150 تک ہونا چاہئے جبکہ پی ایم 2.5 کا لیول بھی 323 کی خطرناک حدتک بڑھ گیا جو کہ سانس کی بیماریوں کا مؤجب ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق بارش نہ ہونے تک سموگ کی یہ شدت بڑھتی رہے گی۔