Thursday, March 28, 2024

سمندری ہواوں کو پھر بریک لگ گئی!!! کراچی میں ہلاکتوں کی تعداد 1130 تک جا پہنچی

سمندری ہواوں کو پھر بریک لگ گئی!!! کراچی میں ہلاکتوں کی تعداد 1130 تک جا پہنچی
June 28, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں گرمی سے ہلاکتوں کا سلسلہ نہ رک سکا، رات سے اب تک مزید ستائیس افراد جان کی بازی ہار گئے۔ مرنے والوں کی تعداد گیارہ سو تیس ہو گئی۔ ایدھی سرد خانے میں موجود لاوارث لاشوں کی تدفین کا سلسلہ جاری۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں قیامت خیزگرمی نے مزید تباہی مچا دی۔ شہر کے اسپتالوں میں زیرعلاج مزید 27 افراد گرمی کی شدت سے جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق افراد کی تعداد 1130 تک جا پہنچی۔ ہیٹ اسٹروک کے باعث قطر اسپتال میں2، سول میں 3، جناح میں 3 اور پٹیل اسپتال میں 12 افراد زندگی سے محروم ہو گئے جبکہ سندھ گورنمنٹ اسپتال نیوکراچی میں2، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں1 اور کے ایم سی کے اسپتالوں میں 2 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر کراچی میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کر دیا۔ ڈائریکٹر موسمیات نے کہا ہے کہ درجہ حرارت اکتالیس ڈگری تک جا سکتا ہے۔ ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہونے سے پارہ اوپرکی طرف جائےگا۔ سمندری ہوائیں دوبارہ چلناشروع ہوں گی توگرمی کی لہردم توڑجائےگی۔ ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کاکہناہے کہ فی الحال کراچی میں بارش کاکوئی امکان نہیں۔ شہریوں کومون سون سیزن کاانتظارکرناہوگا۔ واضح رہے کراچی میں قیامت خیز گرمی سے5 روز کے دوران 11 سوسے زائد افراد زندگی سے محروم ہوچکے ہیں۔