Thursday, May 9, 2024

سمندری طوفان ڈینس سے برطانیہ میں نظام زندگی درہم برہم، ہر شے تہس نہس

سمندری طوفان ڈینس سے برطانیہ میں نظام زندگی درہم برہم، ہر شے تہس نہس
February 17, 2020
لندن (92 نیوز) سمندری طوفان ڈینس نے برطانیہ میں نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ طوفانی ہواؤں کے سامنے کوئی چیز نہ ٹھہر سکی۔ سات دنوں میں دوسرا طوفان آنے پر برطانوی شہری شدید پریشان ہوگئے۔ پہلے ’’ کیرا ‘‘ نے تباہی مچائی، رہی سہی کسر ’’ ڈینس ‘‘ نے مٹائی۔ ڈیڑھ سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی طوفانی ہواؤں نے ہر شے کو تہس نہس کر دیا۔ تیز بارشوں کے باعث دریا بپھر گئے اور سیلابی پانی ملحقہ علاقوں میں داخل ہو گیا۔ جنوبی ویلز میں خوفناک سیلابی ریلا کئی گاڑیوں کو اپنے ساتھ بہا لے گیا۔ طوفان نے سب سے زیادہ تباہی ویلز میں ہی مچائی ہے، جہاں سڑکیں ندی نالوں میں بدل چکی ہیں۔ ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، اوراب تک سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ لیکن برطانوی حکومت نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر گھر کو تباہی سے نہیں بچایا جا سکے گا۔ طوفان ڈینس کے باعث آمد و رفت کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے۔ مختلف ایئر پورٹس پر سیکڑوں پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، جبکہ ٹرین سروس بھی شدید متاثر ہے۔ برطانیہ بھر میں تین سو سے زائد سیلابی وارننگز جاری کی گئی ہیں، 5 وارننگز سنگین نوعیت کی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ لوگوں کی جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔