Friday, March 29, 2024

سمندری طوفان وایو کے کراچی پر بھی اثرات، شہر میں گرمی غیر معمولی حد تک بڑھ گئی

سمندری طوفان وایو کے کراچی پر بھی اثرات، شہر میں گرمی غیر معمولی حد تک بڑھ گئی
June 12, 2019
 کراچی (92 نیوز) سمندری طوفان وایو کے کراچی پر بھی اثرات پڑنے لگے۔ شہر میں گرمی غیر معمولی حد تک بڑھ گئی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ سمندری طوفان وائیو نے سندھ باسیوں کے لئے  خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ سندہ کی ساحلی پٹی پر الرٹ جاری کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق سمندری طوفان وائیو کراچی سے سات سو کلومیٹر دور ہے، جو آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارتی شہر گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا۔ سمندری طوفان کے باعث کراچی میں جمعرات سے اتوار تک موسم شدید گرم اور حبس زیادہ رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کہتے ہیں اس دوران شہر کا درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرسکتا ہے۔ طوفان صوبہ سندھ کے ساحلی علاقوں ٹھٹھہ اور بدین کے طرف بڑھ رہا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماہی گیروں کو سمندر کی گہرائی میں جانے سے اجتناب برتنے میں ہدایات جاری کردیں گئی ہیں جبکہ بدین میں سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔