Friday, April 19, 2024

سمندری طوفان وایو کے اثرات، ساحلی علاقوں میں شدید گرمی

سمندری طوفان وایو کے اثرات، ساحلی علاقوں میں شدید گرمی
June 13, 2019
کراچی ( 92نیوز )  سمندری طوفان وایو کے اثرات  پڑنے لگے ، ساحلی علاقوں میں شدیدگرمی ، حبس اور گھٹن کا راج ہے ، شہرقائد میں درجہ حرارت چالیس کو چھو گیا  جبکہ  ہوا میں  72فیصد نمی کے باعث شدت 50 تک محسوس ہونے لگی ، مدینہ کالونی میں ایک شخص پیدل چلتے ہوئے گر کر دم توڑ گیا ،  پولیس کے مطابق موت کی وجہ ہیٹ اسٹروک لگتی ہے ، ادھر ٹھٹھہ ، بدین ، تھرپارکر میں گرد آلود ہواؤں اور بارشوں کا امکان ہے جب کہ انتظامات نہ ہونے پر مکین پریشان ہیں ۔ کراچی میں آج بھی سورج سوا نیزے پر ہے  اور سمندری ہواؤں نے شہر کا ساتھ چھوڑ دیا  جبکہ ہوا میں نمی زیادہ ہونے کے باعث درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ محسوس کیا جارہا ہے ۔ بحیرہ عرب میں طوفان کا خطرہ تو ٹل گیا، لیکن آج ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے ، کراچی والوں کو مزید کچھ دن سورج کے رحم و کرم پر رہنا پڑے گا ۔ دوسری جانب بحرہ عرب میں بننے والے طوفان سے بھارتی ریاست گجرات کو خطرہ ٹلنے لگا ۔ کراچی میں ہیٹ ویو کے پیش نظر محکمہ صحت نے اسپتالوں میں الرٹ جاری کرکے چھٹیاں منسوخ کردیں جبکہ اضافی بستر لگاکر دوائیاں اور پانی فراہم کردیا گیا ۔ ادھر سمندری  طوفان وایو نے یوٹرن  لے  لیا،  طوفان بھارتی ریاست گجرات پر براہ راست اثرانداز نہیں ہوگا ، بیشتر حصہ بیچ  سمندر ہی ختم ہونے کے امکانات ہیں ۔ گوا سمیت مختلف شہروں میں شدید بارشیں ہونگی ، گجرات سے تین لاکھ افراد نے نقل مکانی کر لی جب کہ  فلائٹ آپریشن اور ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ۔