Friday, May 17, 2024

سمندری طوفان فلورنس کی شمالی و جنوبی کیرولائنا میں تباہ کاریاں جاری

سمندری طوفان فلورنس کی شمالی و جنوبی کیرولائنا میں تباہ کاریاں جاری
September 15, 2018
ولمنگٹن (92 نیوز) سمندری طوفان فلورنس کی شمالی و جنوبی کیرولائنا میں تباہ کاریاں جاری ہیں۔ مختلف حادثات میں ماں اور بچہ سمیت 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ امریکی مشرقی ساحل پر سمندری لہروں نے تباہی مچا دی۔ کیٹگری ایک کا طوفان فلورنس شمالی کیرولائنا سے ٹکرا چکا ہے۔ اس وقت سمندر میں دس سے گیارہ فٹ لہریں بلند ہو رہی ہیں جو ساحلی علاقوں میں دور تک داخل ہو چکی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ڈیرھ سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارشوں نے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ شمالی و جنوبی کیرولائنا میں پانچ لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ خراب موسم کی وجہ سے تیرہ سو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ افواہوں کی روک تھام کیلئے فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی بھی حرکت میں آگئی ہے جس نے طوفان کی پل پل کی خبر دینے کیلئے خصوصی پیچ بنا دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایجنسی کی کارروائی کو سراہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔