Friday, April 26, 2024

سمندری طوفان فلورنس کی تباہ کاریاں جاری ، کئی شہر جزیروں میں تبدیل ہو گئے

سمندری طوفان فلورنس کی تباہ کاریاں جاری ، کئی شہر جزیروں میں تبدیل ہو گئے
September 18, 2018
کیرولینا (92 نیوز) فلورنس نامی طوفان نے امریکی ریاست کیرولینا میں تباہی مچادی۔ کئی شہر جزیروں میں تبدیل جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی۔ ایک لاکھ بیس ہزار آبادی کے اس شہر میں 200 کشتاں اور 4 ہیلی کاپٹر رہائشیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ پورا شہر تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ طوفان کے باعث مجموعی طور پر پانچ لاکھ تئیس ہزار عمارتیں بجلی سے محروم ہیں۔ شمالی کیرولائنا میں تیس انچ تک بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جس کی وجہ سے دریاؤں میں طغیانی آچکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔ دوسری جانب سمندری طوفان مینگ خوٹ فلپائن میں تباہی مچاتے ہوئے چین میں داخل ہو گیا ہے۔ تیز رفتار جھکڑ اور بلند و بالا موجوں نے ہر شے تہس نہس کر کے رکھ دی ہے۔ مکانوں کی چھتیں، ہورڈ نگز اڑ گئے جبکہ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ۔ رہائشی علاقے کئی فٹ پانی میں ڈوب چکے ہیں ۔ قدرتی آفت کے روٹ سے پچاس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ سیکڑوں پروازیں منسوخ جبکہ مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔