Friday, May 3, 2024

سمندری طوفان فانی بھارتی ریاست اڑیسہ کے ساحل سے ٹکرا گیا

سمندری طوفان فانی بھارتی ریاست اڑیسہ کے ساحل سے ٹکرا گیا
May 3, 2019
 نیو دہلی (92 نیوز) سمندری طوفان فانی بھارتی ریاست اڑیسہ کے ساحل سے ٹکرا گیا جس کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ جبکہ ٹرین سروس بھی بند کردی گئی۔ بھارتی ریاست اڑیسہ سمندری طوفان فانی کی زد میں آ گئی۔ ایک سو  پچاسی کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی  ہواؤں کیساتھ ساتھ  موسلادھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے  ساحلی شہر پوری سے ٹکرایا۔ طوفانی ہواؤں کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ۔ بھوونیشور کے ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن منسوخ جبکہ متاثرہ علاقوں میں ٹرین سروس  بھی بند کردی گئی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں متاثرہ علاقوں سے گیارہ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ طوفان فانی کل بنگلادیش کی حدود میں داخل ہو جائے گا۔ فانی کو بھارت کی بیس سالہ تاریخ کا بدترین طوفان قرار دیا جارہا ہے ۔ اس سے قبل انیس سو ننانوے میں  ریاست اڑیسہ میں  خوفناک طوفان آیا تھا جس میں دس ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے ۔