Saturday, April 27, 2024

سمندری طوفان امفان بھارت اور بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا

سمندری طوفان امفان بھارت اور بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا
May 21, 2020

نئی دہلی ( 92 نیوز) خلیج بنگال میں بننے والا دہائی کا بدترین سمندری طوفان ’امفان‘ بھارت اور بنگلادیش کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا ، 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی طوفانی ہواؤں نے درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو اکھاڑ پھینکا۔ مختلف حادثات میں 15 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ایک شخص بنگلادیش،بھارت اور سری لنکا میں دو دو افرادبھارت میں12، سری لنکا میں2، اور ایک شخص بنگلادیش میں ہلاک ہوئے ۔

دہائی کا بدترین سمندری طوفان امفان بنگلادیش اور بھارت سے ٹکرا گیا ، سری لنکا میں بھی اثرات محسوس ہونے لگے ۔  امفان بھارتی ریاست مغربی بنگال کے قریبی جزیرے سے ٹکرایا تو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنےوالی طوفانی ہواؤں کے سامنے کوئی چیز نہ ٹھہر سکی ۔

ہواؤں کی رفتار کے سبب طوفان کو بحر اوقیانوس میں بننے والے کیٹیگری 2  کےطوفانوں سے تشبیہ دی جا رہی ہے ۔

طوفان کا مرکز کولکتہ کے جنوب میں ہے اور  طوفان کےشہر سے ٹکرانے سے قبل ہی 100 کلومیٹر فی گھنٹہ  کی تیز  ہوائیں تباہی مچا رہی ہیں ۔

سمندر سے زمین کی طرف بڑھتے طوفان امفان کے باعث ساحلی علاقوں میں چار سے پانچ میٹر بلند لہریں دیکھی گئیں ، ساحلی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ طوفان ٹکرانے سے قبل ہی شروع ہوچکا تھا۔

بنگلادیش میں کم و بیش بائیس لاکھ جبکہ بھارت میں تقریباً 5 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے ، اقوام متحدہ کے مطابق طوفان سے بھارت اور بنگلادیش میں اناسی لاکھ افراد متاثر ہوں گے۔