Sunday, September 8, 2024

سمندری طوفان ارما بہاماس اورکیوبا سےٹکرانے کے بعد فلوریڈا کی جانب گامزن

سمندری طوفان ارما بہاماس اورکیوبا سےٹکرانے کے بعد فلوریڈا کی جانب گامزن
September 9, 2017

فلوریڈا (92 نیوز) کیرئبین اور فرانسیسی جزائرمیں تباہی مچانے والا سمندری طوفان ارما بہاماس اورکیوبا سےٹکرانے کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب گامزن۔ارما میامی کے ساحل سےتین سومیل کے فاصلے پر فلوریڈا کےلاکھوں رہائشیوں کومحفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دے دیا گیا۔ سمندری طوفان اور تیز ہواؤں نے 23افراد کی جان لے لی۔

بحر اوقیانوس میں ہلچل مچانے والا طوفان ارما کیٹیگری  پانچ میں تبدیل ہونے کے بعد دو سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والئ ہوائوں کے ساتھ امریکی ریاست فلوریڈا سے تین سو میل کے فاصلے پر رہ گیا ہے ۔ قومی طوفان مرکز کے مطابق ارما بیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے میامی کے ساحل کی جانب گامزن ہے جو اتوار کو کسی بھی وقت ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔

فلوریڈا میں طوفان سے نمٹنے کیلئے بڑی پیمانے پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں ۔ فورٹ لاڈر ڈیل  ہالی ووڈ انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو بند کردیا گیا۔ ریاستی گورنر رک اسکاٹ نے چھپن لاکھ افراد کو شیلٹرز میں منتقل ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔

قبل ازیں کیریبئن اور فرانسیسی جزائر میں ارما طوفان خوب تباہی مچانے کے بعد ہیٹی، بہاماس اور کیوبا سے ٹکرا یا تاہم  تیز بارشوں اور ہوائوں کے باوجود یہ علاقے بہتر حفاظتی اقدامات کے باعث زیادہ تباہی سے محفوظ رہے۔ ۔طوفان سے قبل کیوبا کے مشہور سیاحتی مقام  کایو گلورمو کے ایکویریم سے ڈولفن مچھلیوں کو نکال کر ہیلی کاپٹرز کے ذریعے صوبے سیگو ڈی اویلا منتقل کر دیا گیا۔ ارما سے متاثرہ جزائر میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔جن میں فرانسیسی  اور ڈچ  بحری جہاز بھی شریک ہیں۔