Friday, April 19, 2024

سمندر کی سطح بڑھنے سے کراچی زیرآب آ سکتا ہے : سپارکو حکام

سمندر کی سطح بڑھنے سے کراچی زیرآب آ سکتا ہے : سپارکو حکام
May 2, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سپارکو نے موسمیاتی تبدیلیوں کے ممکنہ تباہ کن اثرات کی رپورٹ قائمہ کمیٹی میں پیش کر دی۔ سپارکو حکام کا کہنا ہے کہ سمندر کی سطح بڑھ رہی ہے۔ کراچی سمیت کئی ساحلی شہر خطرے میں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے کئی ممالک خطرے میں ہیں۔ دریاوں اور سمندروں کے ڈیلٹے زمین میں دھنس رہے ہیں۔ 5 کروڑ انسانوں کو بچانے کے لیے بندوبست کر لیا جائے۔ وقت صرف 20 سے 25 سال کا ہے۔ سپارکو نے دنیا کے بدلتے ہوے موسموں اور ممکنہ تباہی کے خطرات کی گھنٹی بجا دی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلیوں کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران سپارکو حکام نے بتایا کہ مجموعی طور پر دنیا 7 برسوں سے خشک سالی کا شکار ہے۔ دریاوں میں پانی کا بہاو بہت کم ہے۔ سمندروں کی سطح ایک اعشاریہ3 ملی میٹرکی شرح سے بڑھ رہی ہے۔ تازہ پانی مناسب مقدار میں نہ ملنے سے سمندر خشک زمین کو کھا رہے ہیں۔ سپارکو حکام کا کہنا ہے کہ دیگر سمندروں کی طرح بحیرہ عرب اور دریائے سندھ کے ڈیلٹے زمین میں دھنس رہے ہیں جس سے سب سے زیادہ خطرہ کراچی اور ساحلی پٹی کو ہے کیونکہ بنگال میں آنے والے سائیکلون کی شدت بحیرہ عرب کی جانب منتقل ہو رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں سمندر کی لہریں کراچی میں براہ راست داخل ہو سکتی ہیں۔ کراچی کو بچانے کے لیے یا تو ساحل کے قریب موجود انفراسٹرکچر کو پیچھے ہٹایا جائے یا بند باندھا جائے۔