Saturday, April 20, 2024

سمندر میں پھنسے برما کے روہنگیا مسلمانوں کو آخرکار عارضی پناہ مل گئی

سمندر میں پھنسے برما کے روہنگیا مسلمانوں کو آخرکار عارضی پناہ مل گئی
May 21, 2015
میانمار (ویب ڈیسک) بحیرہ انڈیمان میں میانمار اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے ہزاروں پناہ گزین جن میں مرد، عورتیں اور بچے شامل ہیں، اب بھی پھنسے ہوئے ہیں لیکن چار سو تیس تارکین وطن کی کشتی کو انڈونیشیا کے ماہی گیروں نے بچا لیاہے۔ بچنے والے ایک پناہ گزین کا کہنا ہے خوراک اور پانی ختم ہونے سے کئی پناہ گزین ہلاک ہوئے ہیں جنہیں سمندربرد کر دیا۔ پناہ گزینوں کی کشتیوں پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے پانی اور کچھ خوراک بھی پھینکی گئی لیکن جنوب مشرقی ایشیائی ممالک ان کشتیوں کو گزشتہ ایک ہفتے سے ایک دوسرے کی جانب موڑ رہے تھے۔ آخرکار انڈونیشیا سمیت ملائیشیا کے وزیرخارجہ اناف امان نے ان پناہ گزینوں کو انسانی ہمدردی کے تحت عارضی پناہ کی پیشکش کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے یہ آسیان ممالک کا مسئلہ نہیں ہے، عالمی برادری اس مسئلے کو ایک سال کے اندر حل کرے۔ یہ تمام لوگ برما کے روہنگیا مسلمان پناہ گزین ہیں، انہیں برما میں ملک کا شہری نہیں مانا جاتا، تعصب کے باعث یہ تمام لوگ ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ پناہ گزینوں کے مسئلے پر تھائی لینڈ میں 29 مئی کو 15 ممالک کی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے تاہم میانمار کے صدارتی ترجمان کا کہنا ہے اگردعوت نامے میں ”روہنگیا“ کا لفظ استعمال کیا گیا تو اس کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔