Monday, September 16, 2024

سمارٹ فونز کیمروں نے روایتی کیمرہ انڈسٹری کا کاروبار ٹھنڈا کر دیا

سمارٹ فونز کیمروں نے روایتی کیمرہ انڈسٹری کا کاروبار ٹھنڈا کر دیا
February 11, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) سمارٹ فونز نوجوانوں میں پسندیدہ اور مقبول ہیں۔ ان موبائل فونز کے جدید فیچرز نے نوجوانوں کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے مگر ان جدید فیچرز کے ساتھ ساتھ سمارٹ فونز میں نصب کیمروں کی کوالٹی اور افادیت نے روایتی فوٹوگرافروں کے کاروبار کو ٹھنڈا کر دیا ہے۔ جاپان میں کیمرہ سازی کی صنعت کامیابی سے ہمکنار تصور کی جاتی ہے مگر اب وہاں بھی سمارٹ فونز کے عروج سے یہ صنعت روبہ زوال ہے۔ آج کے جاپان میں سمارٹ فونز کی بدولت ڈیجیٹل کیمروں کی مانگ کم ہو چکی ہے جس کا اندازہ ان اعداد و شمار سے لگایا جا سکتا ہے جس کے مطابق 2011ءمیں شائقین فوٹوگرافی نے 130 ملین کیمرے خریدے اور صرف چار برس بعد 2015ءمیں 47 ملین کیمرے فروخت ہوئے۔ کیمرہ انڈسٹری نے زوال سے نکلنے کی کروٹ لیتے ہوئے عام ڈیجیٹل کیمروں میں ویب فرینڈلی آپشنز متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیمرہ انڈسٹری سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ سمارٹ فونز کی تصویر جتنی بھی ہائی کوالٹی ہو جائے وہ ڈیجیٹل کیمرہ کے مساوی نہیں ہو سکتی۔ مارکیٹ ریسرچ سے وابستہ ایک ادارے کا کہنا ہے کہ انتہائی اعلیٰ کوالٹی کی جب بھی بات ہو گی تو وہاں کیمرہ انڈسٹری سمارٹ فونز پر سبقت اور برتری کی حامل رہے گی۔ ان کے مطابق سمارٹ فونز نے سستے کیمروں کو مارکیٹ سے تقریباً پوری طرح ختم کر دیا ہے اور یہی گلوبل کیمرہ انڈسٹری کا سب سے بڑا نقصان ہے۔