Friday, May 10, 2024

سمارٹ فون کے نشے میں مبتلا افراد کے لیے تیسری آنکھ ایجاد

سمارٹ فون کے نشے میں مبتلا افراد کے لیے تیسری آنکھ ایجاد
June 7, 2021

سیول (ویب ڈیسک) سمارٹ فون کے نشے میں مبتلا افراد کے لیے تیسری آنکھ ایجاد کرلی گئی۔

جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے ایک ڈیزائنر نے سمارٹ فون استعمال کرنے والوں کے لیے ایک آلہ تیار کیا ہے جسے انہوں نے ’تیسری آنکھ‘ کا نام دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈسٹریل ڈیزائنر پنگ من نے یہ تیسری آنکھ بالخصوص ان لوگوں کے لیے تیار کی ہے جن کی آنکھیں چلتے پھرتے بھی اپنے موبائل فون پر ہی جمی رہتی ہیں۔

اکثر اوقات سڑک پر بھی لوگ اپنا فون دیکھتے ہوئے چلتے جا رہے ہوتے ہیں۔ یہ آنکھ ایسے ہی لوگوں کے لیے بنائی گئی ہے تاکہ وہ چلتے چلتے کسی حادثے کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔

28 سالہ پنگ من کی تیسری آنکھ کو ماتھے پر لگایا جا سکتا ہے جس میں نصب سینسر کسی بھی رکاوٹ کا اندازہ لگاتے ہوئے الارم کی گھنٹی بجا دیتا ہے۔ اسے استعمال کرنے والا شخص اگر کسی بھی رکاوٹ سے ایک یا دو میٹر کے فاصلے پر آتا ہے تو ماتھے پر لگی ہوئی یہ تیسری آنکھ بیپ کی آواز دیتی ہے۔

یہ آلہ استعمال کرنے والا شخص اگر اپنا سمارٹ فون دیکھنے کے لیے سر نیچے جھکاتا ہے تو تیسری آنکھ فوراً کھل جاتی ہے۔

انڈسٹریل ڈیزائنر پنگ من کا کہنا ہے کہ ’یہ مستقبل کے تین آنکھوں والے انسان کی ایک جھلک ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سمارٹ فون سے نظریں نہ اٹھانے کی صورت میں اضافی آنکھ کی ضرورت ہوگی۔‘

پنگ من کے ڈیزائن کردہ اس آلے میں گردش نما سینسر لگا ہوا ہے جو گردن موڑنے کی صورت میں اس کے رخ کا ااندازہ لگاتا ہے۔ جبکہ آلے میں نصب الٹرا سونک سینسر تیسری آنکھ اور کسی بھی رکاوٹ کے درمیان فاصلے کی پیمائش کرتا ہے۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کے ایک شہری لی او کے جو نے اس آلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں پیشانی پر ایک آنکھ کے ساتھ وہ کوئی خلائی مخلوق دکھائی دے رہا تھا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ  ’اکثر نوجوان موبائل فون استعمال کرتے ہوئے کسی حادثے کا شکار ہو سکتے ہیں، لہٰذا یہ ان کے لیے فائدہ مند ہوگا۔‘

ایک اور 23 سالہ شن جے کا کہنا تھا کہ ’یہ انتہائی دلچسپ ہے۔ ہم سمارٹ فونز استعمال کرتے ہوئے ایک دوسرے سے ٹکرا سکتے ہیں۔ مجھے اس کی فی الحال ضرورت نہیں لیکن جب یہ فروخت کے لیے پیش کیا جائے تو میں ضرور خریدنا چاہوں گا۔’

پنگ من کا اپنی ڈیزائن کردہ تیسری آنکھ کے لیے کیمرہ تیار کرنے کا ارادہ ہے جو موبائل فون کی ایپ کے ساتھ لنک ہو سکے گا۔