Thursday, April 25, 2024

سماجی رابطے کیلئے ہر شخص کی زندگی کا لازمی جزو موبائل فون حکومت کا خزانہ بھرنے کی مشین بن گیا

سماجی رابطے کیلئے ہر شخص کی زندگی کا لازمی جزو موبائل فون حکومت کا خزانہ بھرنے کی مشین بن گیا
May 31, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) سماجی رابطے کے لیے موبائل فون ہر شخص کی زندگی کا ایک لازمی جز بن چکا ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت نے اپنا خزانہ بھرنے کے لیے اس پر ٹیکسوں کا انبار لگا رکھا ہے۔ کارڈ لوڈ کرتے ہی 14 فیصد وہدہولڈنگ ٹیکس کی مد میں کٹ جاتے ہیں 12 روپے 28 پیسے، 5 فیصد سروس چارجز بمہ ساڑھے انیس فیصد جی ایس ٹی کی مد میں 5 روپے 98 پیسے، تو جناب 100 روپے کا کارڈ لوڈ کرنے کے بعد آپ کے پاس بچتے ہیں 75 روپے 76 پیسے۔ پاکستان ٹیلی کمونیکیشن اتھارٹی کے اعداد وشمار کے مطابق ملک میں تیرہ کروڑ چھبیس لاکھ سے زائد موبائل صارفین ہیں جن میں سے ننانوے فیصد صارف اس بات سے ناآشنا ہیں کہ پورے سال میں لوڈ کیے جانے والے کارڈز پر ادا کیے جانے والا 14 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس سال کے آخر میں واپس بھی لیا جا سکتا ہے۔ اگر ہم پی ٹی اے کے اعداد وشمار کو سامنے رکھتے ہوئے موبائل صارفین کی جانب سے سال میں چھے سو روپے کے کارڈ لوڈ کرنے کا تخمینہ لگائیں تو یہ رقم بنتی ہے 9 ارب 77 کروڑ روپے جو صارفین کی جیب میں کبھی واپس نہیں آتے۔ آج کے دور میں موبائل فون ہر شخص کی ضرورت ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت ہر بجٹ میں اپنا خزانہ بھرنے کے لیے عوام کی ضرورت کو ہی مجبوری بناتی ہے۔