Wednesday, April 24, 2024

سلیم مانڈوی والا کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ کیس میں ملزم نامزد

سلیم مانڈوی والا کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ کیس میں ملزم نامزد
January 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ کیس میں باقاعدہ ملزم نامزد ہو گئے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کیخلاف ریفرنس میں نیب کا موقف ہے کہ اعجاز ہارون نے کڈنی ہلز فلک نُما میں پلاٹس کی بیک ڈیٹ فائلیں تیار کیں۔ سلیم مانڈوی والا نے پلاٹس عبدالغنی مجید کو فروخت کرنے میں اعجاز ہارون کی معاونت کی۔ حصے میں ملی رقم سے سلیم مانڈوی والا نے پہلے ایک بے نامی کے نام پر پلاٹ خریدا۔ سلیم مانڈوی والا نے بعد میں وہ پلاٹ بیچ کر دوسرے فرنٹ مین کے نام پر بے نامی شیئرز خریدے۔ کڈنی ہلز پلاٹس کی فروخت کے بدلے میں رقم آئی ہی جعلی اکاؤنٹس سے تھی۔

ریفرنس میں نیب نے سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون پر چودہ کروڑ روپے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے وصول کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے فرزانہ راجہ سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 15 فروری کے دن فرد جرم عائد کرنے کیلئے پیش ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔ مقدمے کے ایک ملزم خرم ہمایوں کے انتقال کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

ادھر عدالت نے دو ملزمان عفت زہرا اور شعیب خان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے اُنکے دائمی وارنٹس جاری کرکے جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالتی حکم میں مزید کہا گیا عفت زہرا اور شعیب خان کے شناختی کارڈ بلاک کیے جائیں۔

اشتہاری قرار پانے والے ملزم شعیب خان سابق ڈائریکٹر انکم سپورٹ پروگرام ہیں جبکہ دوسری اشتہاری ملزمہ عفت زہرا کا تعلق پرائیویٹ کمپنی سے تھا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ملزمان پر 54 کروڑ روپے کرپشن کا الزام ہے۔ مقدمے کی دوبارہ سماعت پندرہ فروری کے دن ہو گی۔