Monday, September 16, 2024

سلیم شہزاد کیلئے ہماری پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں: مصطفیٰ کمال

سلیم شہزاد کیلئے ہماری پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں: مصطفیٰ کمال
February 7, 2017

کراچی (92نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے واشگاف الفاظ میں بتا دیا کہ ان کی پارٹی میں سلیم شہزاد کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے، پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے وزیراعظم نوازشریف پر بھی تنقید کے نشتر برسائے۔

تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے سندھ کے بعد خیبرپختونخوا کا رخ کر لیا، پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ان کی پارٹی کے لئے کافی گنجائش موجود ہے البتہ سلیم شہزاد جیسے لوگوں کے لئے ان کے ہاں کوئی گنجائش نہیں، سلیم شہزاد جیسی بھاری شخصیت سے ان کی کشتی ڈوب سکتی ہے۔

مصطفی کمال نے وزیراعظم نوازشریف کو بھی تنقید کا ہدف بناتے ہوئے کہا کہ اگلی مرتبہ صوبوں کے بعد بلدیاتی نمائندے وزیراعظم سے اختیارات مانگیں گے۔ فوجی عدالتوں کے سوال پر مصطفی کمال نے کہا کہ عدلیہ میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ ساڑھے تین لاکھ بچے بھوک سے مررہے ہیں، بھوک افلاس اور بے روزگاری جیسے مسائل کی جانب بھی توجہ دینی چاہئے۔