Thursday, May 9, 2024

سلامتی کونسل سفیروں کو پاکستان مخالف بھارتی دہشتگردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر دیدیا، دفتر خارجہ

سلامتی کونسل سفیروں کو پاکستان مخالف بھارتی دہشتگردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر دیدیا، دفتر خارجہ
November 16, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) دفتر خارجہ کی جانب سے سلامتی کونسل کے مستقل رکن ملکوں کے سفیروں کو پاکستان مخالف بھارتی دہشتگردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر دیدیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی بریفنگ کے مطابق بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ بھارتی مہم جوئی اور اقدامات سے امن کو خطرات لاحق ہیں۔ اس سے 3 روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان کے خلاف بھارتی دہشت گردی کے ڈوزئیر بارے آگاہی دی تھی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی سرزمین دہشگردی کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت دے رہا ہے، پڑوس میں بھی جہاں جہاں بھارت کو جگہ ملی اس نے فائدہ اٹھایا، آج ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد ہیں، شواہد اس ڈوزیئر کی شکل میں پیش کررہا ہوں، ڈوزیئر میں بہت سی تفصیلات ہیں، یہ تفصیلات مکمل نہیں ہیں، تفصیلات اور بھی ہیں اور بوقت ضرورت استعمال کی جاسکتی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کالعدم تنظیموں کو پاکستان میں کارروائیوں کیلئے اُکسایا جا رہا ہے۔ اگست 2020ء میں بھارت نے ٹی ٹی پی، جے یو اے اور ایچ یو اے کے درمیان یونیفکیشن کی۔ اِن کو یکجا کرنے میں بھارت کا کردار واضح ہوگیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا اطلاع ہے بھارت کی ایجنسیوں اور سہولت کاروں کے درمیان چار میٹنگز ہوچکی ہیں، یہ کراچی، لاہور اور دیگر شہروں کو نشانہ بنائیں گے۔ ہماری اطلاعات کے مطابق آئندہ آنیوالے مہینوں میں یہ پاکستان کے اندر دہشتگردی کو بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ را اور ان کی انٹیلیجنس ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی کو فنانس اور دہشت گردوں کی تربیت کر رہی ہیں۔