Wednesday, May 8, 2024

سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاکت پر امریکی کھلاڑی بھی سراپا احتجاج

سفید فام  پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاکت پر امریکی کھلاڑی بھی سراپا احتجاج
June 1, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کی سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاکت پر کھلاڑی بھی سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ ٹاپ پلیئرز لوئس ہملٹن،مائیکل جارڈن سمیت دیگر کھلاڑیوں نے  امریکہ میں بڑھتی نسل پرستی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دئیے۔ سفید فام امریکی پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت پر موٹرسپورٹس سے منسلک لوگوں کی خاموشی پر سیاہ فام چیمپئن ڈرائیور لوئس ہملٹن پھٹ پڑے، سوشل میڈیا پر اپنے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے چھ بار کے عالمی فارمولا ون چیمپئن لوئس ہملٹن کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے موٹر اسپورٹس سے منسلک زیادہ تر افراد سفید فام ہیں، آپکی خاموشی سمجھ آتی ہے لیکن یہ بہت تکلیف دہ امر ہے۔ برطانوی ڈرائیور کا کہنا تھا وہ نسلی امتیاز کا مقابلہ کرنے کی کوشش میں خود کو تنہا محسوس کر رہے ہیں۔ سابق لیجنڈری امریکی باسکٹ بال پلیئر مائیکل جارڈن نے بھی جارج فلائیڈ کی ہلاکت پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا اپنے ملک میں پروان چڑھتے نسلی امتیاز کو دیکھ کر بہت غمزدہ ہوں، بس بہت ہوگیا، اب اسکے خلاف موثر آواز اٹھانا ہوگی۔ ادھر جرمن لیگ بنڈس لیگا کے ایک میچ کے  دوران پیڈربرن کیخلاف میچ میں بورشیا ڈورٹمنڈ   کے  کھلاڑیوں اشرف حکیمی  اور جیڈن سانچو نے جو شرٹس زیب تن کیں ،ان پر جارج فلائیڈ کیلئے انصاف کے نعرے  درج تھے۔