Sunday, September 8, 2024

سفری پابندیاں ختم ہوتے ہی پرویز مشرف کی آج بیرون ملک روانگی متوقع

سفری پابندیاں ختم ہوتے ہی پرویز مشرف کی آج بیرون ملک روانگی متوقع
March 17, 2016
لاہور (92نیوز) سابق صدر پرویز مشرف کو بیرون ملک منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف آج بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے میں حائل تمام رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر پرویز کی آج بیرون ملک روانگی متوقع ہے۔ پرویز مشرف کے ساتھ ڈاکٹروں کی ٹیم بھی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف دبئی میں قیام کرینگے اور وہاں ڈاکٹرز پرویز مشرف کا تفصیلی معائنہ کرینگے۔ معائنے کے بعد فیصلہ کیا جائیگا کہ پرویز مشرف کا علاج دبئی میں کیا جائے یا لندن یا کسی اور ملک میں۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے آج پرویز مشرف پر بیرون ملک سفر پر پابندی ہٹا دی تھی اور اس کے بعد وزارت داخلہ نے فیصلہ کرنا تھا کہ انہیں باہر جانے کی اجازت دی جائے یا نہ دی جائے۔ سابق صدر کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ مشرف کو بیرون ملک جانے سے روکا نہیں جا سکتا۔ انہیں بیرون ملک جانے سے روکنا توہین عدالت ہو گی۔