Thursday, March 28, 2024

سفارتخانے کے ناروا سلوک پر چین میں پھنسے پاکستانی طلبا پھٹ پڑے

سفارتخانے کے ناروا سلوک پر چین میں پھنسے پاکستانی طلبا پھٹ پڑے
January 31, 2020
بیجنگ (92 نیوز) سفارتخانے کے ناروا سلوک پر چین میں پھنسے پاکستانی طلبا پھٹ پڑے۔ پریشان حال طلبا نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کر دی۔ کرونا وائرس پھیلنے کے بعد چین کے مختلف شہروں میں پاکستانی طلبہ پھنس گئے۔ شیانگ یانگ یونیورسٹی اور ہیوبے یونیورسٹی آف پولی ٹیکنک میں محصور پاکستانی طلبہ نے چینی حکومت اور پاکستانی سفارتخانے کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ چین میں سفارتخانہ فون نہیں اٹھا رہا۔ ایک مرتبہ رابطہ ہونے پر سفارتخانے کے حکام نے کہا کہ موت چین میں بھی آنی ہے اور پاکستان میں بھی۔ حکومت مدد کرے ہمارے پاس کھانے پینے کی اشیا بھی ختم ہوگئیں ہیں۔ طلبہ نے مزید بتایا کہ ارمچی ایئرپورٹ پر بھی 200 پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف  ہیوبے یونیورسٹی آف پولی ٹیکنک میں پاکستانی طلبہ نے بھی یہی شکوہ کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ  ہمارے شہر میں مکمل شٹ ڈاؤن ہے ۔ دیگر ممالک کے دوستوں کو ان کی حکومتیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری حکومت اس میں مدد کرے۔