Tuesday, May 14, 2024

سعودیہ آزمودہ دوست ، غلط فہمیاں دور ہو چکیں ، شیخ رشید

سعودیہ آزمودہ دوست ، غلط فہمیاں دور ہو چکیں ، شیخ رشید
August 15, 2020

لاہور ( 92 نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ سعودی عرب آزمودہ دوست، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کل سعودیہ جائیں گے ۔غلط فہمیاں دور ہو چکیں ۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب دل کے قریب دوست ہے ،  پاکستان کی معیشت بہتر سمت جا رہی ہے ، عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے ، عمران خان وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ کھڑے ہیں ، جب تک وہ  وزیر اعلیٰ کے ساتھ کھڑے ہیں  ستے ہی خیراں ہیں ۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو دنیا میں مثالی قرار دیا گیا ، ن لیگ نے سارے پاکستان سے پتھراؤ گروپ اکٹھا کیا ، مریم نواز نے 200 ایکڑ زمین سے متعلق جواب نہیں دیا بس پتھراؤ کیا ، نواز شریف کو یہاں تک پہنچانے والی مریم نواز ہیں جو  اب شہباز شریف کو یہاں تک پہنچانا چاہتی ہیں ،پیشی پر  جب یہ جاتے ہیں تو ایسے جاتے ہیں جیسے دوارکا کا  قلعہ فتح  کرنے جارہے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ  یہ سمجھتے ہیں مولانا فضل الرحمان کو استعمال کرینگے ، مولانا  کا اسمبلیوں سے استعفے دینے والا مطالبہ یہ کبھی پوری نہیں کرینگے، مولانا فضل الرحمان جاگتے رہنا پچھلی بار بھی انہوں نے استعمال کیا، ان کا ایک ہی مطالبہ ہے، ہماری جان کیسوں سے چھڑائی جائے۔