Friday, March 29, 2024

سعودی کابینہ کا کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ

سعودی کابینہ کا کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ
February 3, 2021

ریاض (92 نیوز) سعودی کابینہ نے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

سعودی عرب کے شہر نیوم سے آن لائن سعودی وزرا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ کے ہمراہ اجلاس کے ایجنڈے پر گفتگو کی جس میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے بعد دوسری لہر کے سدباب کے لئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا اور سعودی شہریوں سمیت دیگر لاکھوں غیر ملکیوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔

کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کو وبا سے محفوظ بنانے کے لئے ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ اجلاس میں خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس میں کہا گیا کہ مسلہ فلسطین کے حل کے بنا امن ممکن نہیں ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ فلسطین کی آزادی اور فلسطینیوں کے حقوق کا تحفظ ممکن بنایا جائے۔

دوسری طرف سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وباء سے تحفظ کیلئے غیرملکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ سعودی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا 20 ممالک کے باشندوں پر سعودی عرب میں داخل ہونے پر عارضی بابندی ہو گی۔ سعودی شہریوں، سفراء، شعبہ صحت سے وابستہ افراد اور ان کے خاندانوں پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔