Wednesday, April 24, 2024

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان متنازعہ بنانےکی سازش ناکام بنادی گئی

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان متنازعہ بنانےکی سازش ناکام بنادی گئی
February 19, 2019
لاہور (92 نیوز) سعودی ولی عہد کا دورہ متنازعہ بنانے کی سازش ناکام بنا دی گئی ، اہم گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر مہم ،مظاہروں کی کوشش میں 2 سیاسی،3 مذہبی جماعتیں اور 13 این جی اوز ملوث ہیں، ترکی میں صحافی کے قتل، یمن اور شام ایشوز کواستعمال کیا جانا تھا۔ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے موقع پر با قاعدہ ایک پلاننگ کے تحت نہ صرف یہ سب کچھ کیا جا رہا تھا بلکہ دوغیر ملکی خفیہ ایجنسی اس قدر متحرک تھیں کہ بھاری فنڈنگ کر کے باقاعدہ احتجاجی مظاہروں کو کرانے کیلئے مختلف گروپوں کو تیار کیا گیا تھا ۔ ترکی میں قتل ہونے والے صحافی ،یمن اور شام کے مسئلے کو ایشو کے طور پر مظاہروں میں استعمال کیا جانا تھا ۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والے 112ایسے اکاؤنٹس کے حوالے سے اداروں نے کوائف حاصل کر لئے ہیں۔ ان اکاؤنٹس کو باقاعدہ 2 سیاسی جماعتوں،3 مذہبی جماعتوں اور 13این جی اوز نہ صرف آپریٹ کر رہی تھیں بلکہ ان کے ذریعے نفرت انگیز مواد پھیلا جا رہا تھا ۔ ذرائع کے مطابق قومی اداروں کی بہترین حکمت عملی کے تحت اقدامات کے باعث سعودی ولی عہد کی آمد پر کی جانے والی سازش کو نا صرف بے نقاب کیا گیا بلکہ ایسے تمام گروپوں کے خلاف، جو سوشل میڈیا پر منفی مہم چلاتے رہے ہیں، کارروائی کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی خفیہ ایجنسی جہاں ایک طرف اس تاریخی دورے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی تھی، وہاں پر اس دورے کے دوران دہشتگردی کرانے کی بھی کوشش تھی جو پاکستان کے حساس اداروں نے ناصرف ناکام بنائی بلکہ اہم گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔