Friday, April 26, 2024

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ٹریفک پلان جاری

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ٹریفک پلان جاری
February 15, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی کل پاکستان آمد کے موقع پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک کا پلان جاری کر دیا۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور عام شہریوں کی گاڑیاں کس شاہراہ پر نہیں آسکیں گی۔ ٹریفک کا رخ کہاں سے موڑا جائے گا پلان جاری ہو گیا۔ 16فروری صبح چار بجے سے لے کر 17 فروری دس بجے رات تک اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا۔ ٹریفک سترہ میل ، آئی جے پرنسپل روڈ اور روات ٹی چوک پر روک دی جائے گی۔ دوسرے شہروں سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو پشاور روڈ صدر کی جانب موڑ دیا جائے گا جس نے راولپنڈی سے اسلام آباد آنا ہو وہ نائنتھ ایونیو استعمال کرے۔ ایئرپورٹ جانے والے مسافر بھی کشمیر ہائی وے اور نائنتھ ایونیو کا راستہ پکڑیں۔ مری آزاد کشمیر سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو مری موٹروے کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ نائنتھ ایونیو آئی جے پی روڈ سے بجانب فیض آباد ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا۔ ایس ایس پی ٹریفک پولیس کہتے ہیں ٹریفک کی روانی کے لیے پاک فوج کی مکمل معاونت کی جائے گی۔ فرخ رشید نے شہریوں کو 16 اور 17 فروری کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہے کہ شہری کسی بھی تکلیف سے بچنے کےلیے صبروتحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔